اسلام آباد (ویب ڈیسک )کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر فلم ” جوانی پھر نہیں آنی “ کی اداکارہ عظمیٰ خان کی ویڈیو وائرل ہوئی جسے بعد ازاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بحریہ ٹاﺅن کے مالک ’’ملک ریاض‘‘ کے ساتھ جوڑنے کی بے بنیاد کوشش کی گئی جس پر انہوں نے اپنے وکیل کی توسط قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کیا تاہم اب خود اداکارہ نے سارے الزامات واپس لے لیے ہیں اور اسے ایک غلط فہمی قرار دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ” رائے ثاقب کھرل “ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ”اداکارہ عظمیٰ خان نے پولیس اور جج کے سامنے اپنا بیان پیش کر دیاہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ وہ ملک ریاض اور ان کے اہل خانہ پر لگائے گئے تمام الزامات کو واپس لینا چاہتی ہیں ،
اداکارہ نے اس تمام صورتحال کو ایک غلط فہمی قرار دے دیاہے ۔“یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ادکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان ایک خاتون کے ساتھ تکرار کرتی دکھائی دیتی ہیں ، ویڈیو میں خاتون عظمیٰ خان پر اپنے عثمان نامی شوہر کے ساتھ مبینہ تعلقات کا الزام عائد کر تی ہے ، اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے میں بالکل بھی دیر نہیں لگی اور بعد ازاں اسے بغیر تحقیقات یا ثبوت کے ملک ریاض کے ساتھ جوڑنا شروع کر دیا گیا ۔ویڈیو کے وائرل ہو نے کے بعدآمنہ نامی خاتون بھی منظر عام پر آئیں جن کی عظمیٰ خان سے تکرارہوئی ، انہوں نے اپنے پیغام میں بھی یہ واضح اعلان کیا کہ اس سے ملک ریاض کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی کوئی لینا دینا ہے ۔تاہم جب مسلسل معاملہ ملک ریاض کے ساتھ جوڑا جاتا رہا اور یہ بات بحریہ ٹاﺅن کے مالک کے غور میں آئی توانہوں نے فوری طور پر تمام تر الزامات کی تردید کی اور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان بھی کیا ۔لیکن اب اداکارہ کی جانب سے ملک ریاض کے اہل خانہ پر لگائے گئے تمام الزامات کو واپس لے لیا گیاہے اور اس صورتحال کو ایک غلط فہمی کا نتیجہ قرار دیاہے ۔