لاہور: سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر شیوخ الحدیث اور مفتیان کرام نے ترک سیریز ارطغرل غازی کے بارے میں اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارطغرل غازی سیریزاسلامی تہذیب و تمدن اور ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ یہ سیریز نوجوانان ِ اسلام میں اسلام کی حقیقی روح اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس سیریز میں کسی شرعی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی بلکہ اس میں اسلام کے تصور معاشرت، جذبہ جہاد، تصور امن اور شوکت اسلام کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس سیریز کے ذریعے صوفیائ کرام کے امن اور آشتی کے مشن کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی پر توکل اور اس کے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کو مسلمان کی زندگی کا اصل قرار دیا گیا ہے۔
یہ سیریز اتحاد امت کے تصور کو اجاگر کرتی ہے۔اس میں مجاہدین اسلام کی کامیابیوں اور کامرانیوں کو بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح اللہ رب العزت نے چند ہزار مجاہدین کو لاکھوں کفار پر غلبہ عطا فرمایا۔ اس کے علاوہ مسلمانوں کے خلاف یہود و نصاریٰ کی سازشوں کو کی سازشوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ ارطغرل غازی سیریز اسلام کی نشاة ثانیہ اور مسلمانوں کے اتحاد کا ذریعہ بنے گی۔ یہ تمام امور قرآن و حدیث کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہیں اورعین اسلام ہے۔ فتویٰ میں حسب ذیل قرآنی آیات سے استدلال کیا گیا ہے۔(۱)۔اے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! آپ مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی نعمتیں یاد دلائیں۔ (سورة ابراہیم: آیت۵) (۲)۔(اے مسلمانو) اپنے رب کی نعمت کا خوب چرچا کرو۔ (سورة الضحیٰ: آیت ۱۱)(۳)۔ بے شک مسلمانوں کے واقعات میں عقل والوں کے لیے عبرت کا سامان ہے۔
(سورة یوسف: آیت ۱۱۱) (۴)۔ اے اہل ایمان! تم اپنے اوپرکی گئی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرو۔ (آلِ عمران:آیت۳۰۱) مفتیان کرام کے مطابق قرآن و حدیث کی رو سے ترک سیریز ارطغرل غازی کو دیکھنا شرعاً جائز ہے۔ فتویٰ جاری کرنے والوں میں شیخ الحدیث محمد سعید قمر سیالوی، مفتی گلزار حمد نعیمی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد عمران انورنظامی، مفتی مشتاق احمد نوری، ڈاکٹر علامہ احمد رضا قادری، مفتی محمد اقبال قادری، ڈاکٹر شمس الرحمان شمس، علامہ ممتاز احمد ربانی، مفتی محبوب احمد شرقپوری،علامہ رحمت اللہ قادری،، مفتی محمد امان اللہ شاکر، مفتی محمد افضل نعیمی، علامہ ضیاء المصطفیٰ حقانی، علامہ محمد ارشد نعیمی، مفتی احمد سعید طفیل، علامہ راحت عطاری، مفتی محمد امین نقشبندی ، مفتی محمد عارف سعیدی، مفتی محمد ندیم قمر، علامہ وزیر القادری، مفتی محمد عظیم حنفی، مفتی محمد اکبر ساقی، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی انوار احمد قادری، پروفیسرظفر اقبال نعیمی، مولانا محمد عابد علوی، علامہ برکات احمد صدیقی، مولانا احتشام حیدر رضوی،علامہ مختار احمد ندیم، علامہ محمد بلال طارق، مولانا عبدالستار قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی اور دیگر شامل ہیں۔









