مبئی : بالی وڈ اداکار سونو سوڈ نے 25ہزار مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک میں افطار کا انتظام کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں رمضان المبارک کا آغاز آغاز ہے۔ بہت سے ممالک میں کل پہلا روزہ رکھا جائے گا جبکہ کچھ ممالک میں رمضان کا آغاز ہفتے کے روز سے ہوگا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کروڑوں روز بیروزگار ہوگئے ہیں اور اب رمضان کی آمد کے ساتھ ہی بیروزگار ہونے والے مسلمانوں کیلئے مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
ان حالات میں بالی وڈ کے معروف اداکار سونو سوڈ نے 25ہزار مسلمانوں کیلئے افطار کا انتظام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی اداکار دوسری ریاستوں سے مزدوری کیلئے آنے والے 25ہزار مزدور مسلمانوں کو پورا رمضان افطار کروائیں گے۔
سونو سوڈ بالی وڈ کا بہت بڑا نام ہیں اور اب تک وہ زیادہ تر فلموں میں منفی کردار ادا کرتے نظر آئے ہیں لیکن انہوں نے مسلمانوں کیلئے انسانی جذبے کے تحت افطار کے انتظام کا اعلان کر کے ثابت کردیا ہے کہ وہ اصل زندگی میں ایک ہیرو ہیں۔ اس سے قبل سونو سوڈ اپنے ایک ہوٹل کو کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے بھی وقف کرچکے ہیں۔ ان کے ہوٹل میں طبی عملہ قیام کرتا ہے تاکہ وہ آرام کرکے جلد ہسپتال پہنچ سکے۔ اس کے علاوہ بھارت میں کئی دوسرے اداکار بھی کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں سامنے آئے ہیں اور انہوں نے لوگوں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ سلمان خان، اکشے کمار اور شاہ رخ خان نے کورونا مریضوں کے علاج کیلئے کثیر امداد فراہم کی ہے۔ شاہ رخ خان نے ہزاروں ی تعداد میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ماسک اور دوسرا سامان فراہم کیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار سےتجاوز کر گئی ہے جس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ شاید بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے تباہی میں اضافہ ہو گا۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1409 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 41 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارت میں متاثرہ افراد میں سے اب تک 681 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دوسری جانب 4257 افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں سے اپنے گھروں میں بھی جا چکے ہیں۔