تہران : انسٹاگرام پر ہالی ووڈ اسٹار انجیلنا جولی کی خوفناک نقل بن کر مشہور ہونے والی ایرانی خاتون سحر تبارکی حالت کورونا وائرس کے باعث تشویشناک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بے شمار کاسمیٹکس سرجریاں کرا کر ہالی وڈ اسٹار اینجلیناجولی کی نقل کرنے والی ایرانی لڑکی سحر تبار کو جیل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹا گرام پر مشہور ہونے والی 22 سالہ سحر تبار کی وکیل کا کہنا تھا کہ سحر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے، انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔سحر تبارکی وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے ججز سے متعدد بار درخواست کی ہے کہ ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے سزا کم کی جائے لیکن ہر بار ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
واضح رہے کہ ایرانی لڑکی سحر تبار کو 2019 میں تشدد پر اکسانے، نوجوانوں میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کرنے اور اور غیر قانونی ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا۔سحر تبار نے کچھ عرصہ قبل اس وقت عالمی شہرت حاصل کی تھی جب اس نے پلاسٹک سرجری کے ذریعے انجیلینا جولی بننے کی کوشش کی تھی مگر اس کوشش میں اس نے اپنا حلیہ بگاڑ لیا تھا۔ ان کی وکیل بیام دوفشان نے بتایا کہ ان کی موکلہ چھ ماہ سے قید ہے اور اسے چند ہفتے قبل کورونا کا شکار ہونے کے بعد سینا اسپتال میں قرنطینہ میں ڈال دیا گیا تھا۔ انسٹا گرام اسٹار اور ایرانی انجیلنا جولی کے لقب سے مشہور دو شیزہ اس وقت کرونا کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ایران میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی 4 ہزار 700 سے زائد ہے۔









