Wednesday January 22, 2025

بھارتی فلم انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی. فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثہ، 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھےجبکہ 9 افراد زخمی، کاسٹ میں لیجنڈری اداکاروں کے شامل ہونے کی اطلاعات

ممبئی( نیوز ڈیسک) تامل فلم ’انڈین 2‘ کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر حادثہ پیش آیا جس میں تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جاں بحق ہوگئے جبکہ کاجل اگروال اور کمل ہاسن بال بال بچے۔خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی ریاست چنئی کے قریب ’ای وی پی فلم سٹی میں کمل ہاسن کی تامل فلم ’انڈین 2‘ کی شوٹنگ جاری تھی کی اسی دوران سیٹ پر موجود کرین اچانک زمین بوس ہو گئی۔ جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت متعدد افراد سوار تھے جن میں سے 3 جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔انڈین 2 فلم بھارت کی انٹرٹینمنٹ کمپنی لائیکا کے اشتراک سے بنائی جارہی ہے۔

کمپنی کے حکام نے حادثے سے متعلق بیان میں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرشنا، آرٹ اسسٹنٹ چندرن سمیت پروڈکشن اسسٹنٹ مدھو شامل ہیں۔ جو اس خوفناک حادثہ کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔دوسری جانب حادثہ سے متعلق مقامی پولیس نے بھارت کے نجی ٹی وی چینل کو واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ’ یہ واقعہ بدھ کی شام ساڑھے 9 بجے پیش آیا جب یہ لوگ کرین کے اوپر والے حصے پر بیٹھے شوٹنگ کے لیے لائٹنگ پر کام کر رہے تھے اسی دوران کرین ٹوٹ کر زمین پر گِر پڑا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 9 بری طرح زخمی ہوگئے۔ جبکہ حادثے کے وقت فلم کے ڈائریکٹر شنکر جائے حادثہ کے احاطے میں موجود تھے یا نہیں اس بارے میں ابھی پتہ نہیں چل سکا۔ جبکہ کمل ہاسن کرین حادثے کے وقت کمپلیکس میں ہی کسی اور مقام پر موجود تھے۔یاد رہے کہ ڈائریکٹر شنکر یہ فلم 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ’انڈین‘ کے سیکوئل کے طور پر بنا رہے ہیں۔ جو کافی مقبول رہی تھی۔ خوفناک حادثے کے بعد کمل ہاسن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے تین ساتھی کھوئے ہیں۔ مجھ سے زیادہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے یہ دکھ بہت بڑا ہے اور میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں، مجھے ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی ہے۔ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔

چینئ کے مقامی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پروڈکشن منیجر اور کرین چلانے والے ڈرائیور کے خلاف بے احتیاطی برتنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کا تعین کرلیا جائے گا۔بعد ازاں حادثے کے بعد فلم کی کاسٹیوم ڈیزائنر امریتھا رام کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کہنا تھا کہ وہ، کمل ہاسن اور کاجل اگروال حادثے کے مقام سے چند سیکنڈز پہلے ہی اٹھ کر گئے تھے۔ امریتھا کے علاوہ اداکارہ کاجل اگروال نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس واقعے کے حوالے سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

FOLLOW US