Monday January 20, 2025

فیصل جاوید خان راستے میں گاڑی خراب ہونےپر شہری سے لفٹ لیکر سینیٹ اجلاس میں پہنچے

اسلام آباد (نیوزڈیسک) سینیٹر فیصل جاوید راستے میں گاڑی خراب ہونے کی وجہ سے بائیک پر سینیٹ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق حکمران پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کو یوم یکجہتی کشمیر سے ایک روز قبل یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کنونشن سینٹر میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کرنا تھی،سینیٹر فیصل جاوید اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تو ان کی گاڑی راستے میں خراب ہو گئی۔جس کے بعد انہوں نے ایک اجنبی کی مدد لی۔سینیٹر فیصل جاوید گاڑی خراب ہونے کے باعث سینیٹ اجلاس میں موٹر سائیکل پر لفٹ لے کر پہنچے۔ فیصل جاوید نے سینیٹ پہنچنے پر موٹر سائیکل سوار کا شکریہ بھی ادا کیا۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں فیصل جاوید کو خوب سراہا جا رہا ہے کہ وہ بغیر پروٹوکول کے عام شہری سے مدد لیتے ہوئے سینیٹ پہنچے۔واضح رہے کہ فیصل جاوید پاکستان تحریک انصاف

کے متحرک رہنما ہیں،وہ کئی سالوں سے تبدیلی کے سفر میں پارٹی چئیرمین عمران خان کے شانہ بشانہ نظر آئے۔ گذشتہ برس 12 مارچ 2018ء کو ایوان بالا یعنی سینیٹ کے 51 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اُٹھایا تھا۔ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان بھی شامل تھے۔ فیصل جاوید خان کو پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، فیصل جاوید خان سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔7 مئی 2018ء کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ جس میں سینیٹر مولانا بخش چانڈیو نے چیئرمین کمیٹی کے لئے فیصل جاوید کا نام تجویز کیا تھا ۔ چئیرمین کمیٹی فیصل جاوید نے تمام ممبران کمیٹی کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد انہیں وزیر مملکت برائے اطلاعات تعینات کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

FOLLOW US