اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے انکشاف کیا کہ رخصت پر جانے والے چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کو صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ مافیاز کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک انٹرویو میں کنول شوذب نے کہا کہ شبرزیدی کو آرام کی ضرورت ہے ، ان کوصحت اور مافیا کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں۔پی ٹی آئی ، ایم این اے نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل مسترد کردیا کیونکہ عوام تکلیف میں ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو۔
کنول شوذب نے کہا کہ سب متفق ہیں کہ اس وقت عوام کی داد رسی کی کوشش کرنی ہے، چار، پانچ ماہ مشکل ہوں گے جس کے بعد جلد معاملات بہتر ہو جائیں گے۔کنول شوذب نے کہا کہ سب متفق ہیں کہ اس وقت عوام کی داد رسی کی کوشش کرنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چار، پانچ ماہ مشکل ہوں گے، جلد معاملات بہتر ہو جائیں گے۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو حوریں اورعوام کو موت کے فرشتے نظرآرہے ہیں، جہانگیر ترین مافیا شبر زیدی کے پیچھے بھی پڑ گیا، نوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی بجٹ دوگنا اور مہنگائی کو نصف کیا گیا، لیکن عمران کے غرور، تکبر، جھوٹ اور کرپشن نےملک کو بریک لگا دی۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جہانگیر ترین مافیا شبر زیدی کے پیچھے بھی پڑ گیا۔ عمران کو حوریں اور عوام کو موت کے فرشتے نظرآرہے ہیں۔ آپ کے ستائے ہوئے عوام نے فیکٹریوں اور صنعتوں کو تالے لگا کر چابیاں نالائقوں کے حوالے کردی ہیں۔ جھوٹے افسانے اور سبزباغ دکھا کر عوام کو دھوکہ دینے والوں کو معاشی حقیقتوں نے بےنقاب کردیا ہے۔نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے بدترین حالات میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ عمران صاحب آپ نے بہترین حالات میں بدترین کارکردگی اور کرپشن سے ہر کامیابی کو ناکامی میں بدل دیا۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام کو نہ صرف ریلیف دیا اورنہ صرف اربوں کھربوں کے منصوبے لگائے بلکہ ملک کی ترقی کی رفتار بھی تیز کی۔ عمران صاحب! نے اپنے غرور، تکبر، جھوٹ، ہٹ دھرمی اور کرپشن سے ترقی کرتے ملک کو بریک لگا دی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی تاریخ میں سب سے بڑا ایک ہزار ارب کا عوامی ترقیاتی منصوبہ دیا۔ اسحاق ڈار نے 2013ء میں ذمہ داری سنبھالی تو 8.8 فیصد خسارہ تھا۔ تین سال کی محنت سے وہ اسے 4.6 فیصد پر لائے تھے۔
اسحاق ڈار کی محنت سے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا۔ مسلم لیگ (ن) نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 250 فیصد اضافہ کیا۔نوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا گیا اور مہنگائی کو نصف کیا گیا۔نوازشریف کی قیادت میں اسحاق ڈار کی محنت کا ثمر روپے کی قدر کے استحکام کی صورت میں قوم کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کی معاشی بنیاد مضبوط کرنے والوں کے خلاف جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات قائم کئے۔ اسحاق ڈار کو ملک وقوم کی خدمت کی سزا ان پر بے بنیاد الزامات کا کیچڑ اچھال کر دی گئی۔