کوئٹہ:ملک میں سردی کی شدت میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہونے کا امکان، بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگیا، آئندہ چند روز کے دوران موسم کی صورتحال خراب رہنے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے۔ یہ نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔ اس نئے سلسلے کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ عمومی طور پر فروری کے ماہ سے ملک میں سردی کی شدت میں کچھ حد تک کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے، تاہم رواں دسمبر اور جنوری کی طرح فروری کے ماہ میں بھی سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ برس موسم گرما کے دوران مون سون کی بارشوں معمول سے زیادہ ہوئی تھیں جس کے بعد ماہرین موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ اس برس کے موسم سرما میں سردی کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔ ماہرین کی یہ پیشن گوئی درست ثابت ہوئی اور ملک میں دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں ریکارڈ سردی پڑی۔ جبکہ ماہرین نے یہ پیشن گوئی بھی کی تھی کہ ملک میں اس مرتبہ موسم سرما کا دورانیہ قدرے طویل ہو سکتا ہے۔
اب ملک میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد یہ پیشن گوئی بھی درست ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش بھی ہو سکتی ہے۔ جبکہ پنجاب کے میدا نی علاقوں میں رات کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مری، گلگت ، بلتستا ن اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری کی توقع ہے ۔