فیصل آباد (ویب ڈیسک) پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں ایک رکشہ ڈرائیور نے خاتون کو ایک سالہ بیٹی سمیت اغواءکر کے ماں کو قتل کر دیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے بچی کو بازیاب کرا لیا ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد کے رہائشی اعجاز کی بیوی اپنی ایک سالہ بیٹی سمیت 9 جنوری کو اچانک لاپتہ ہو گئی تھی۔پولیس نے اغواءکے شبہے میں موبائل فون ڈیٹا کے ذریعے رکشہ ڈرائیور صدیق کو ٹریس کر کے اس سے تفتیش کی تو اس نے خاتون کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کی گزشتہ 8 ماہ سے مبینہ طور پر خاتون سے دوستی تھی جو ماں بیٹی کو ساتھ لے گیا تھا اور چنیوٹ لے جا کر اس نے خاتون کو قتل کر دیا اور لاش کماد کی فصل میں پھینک دی۔پولیس نے ایک سالہ بچی کو بازیاب کر کے لاش برآمد کر لی ہے جو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔