Friday November 29, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ اسحاق ڈار پر مہربان، سابق وزیر خزانہ کے گھر کی نیلامی روک دی گئی

لاہور(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تبسم اسحاق ڈار کا گھر نیلام کرنے سے روک دیا ہے۔منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے تبسم اسحاق کی درخواست پر حکم امتناع جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے7نومبر 2019 کے احتساب عدالت کے فیصلے کو معطل کردیا ہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس لبنی سلیم پرویز نے حکم امتناع جاری کیا۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرکے 13فروری تک جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار کی جانب سے

قاضی مصباح ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ گلبرگ لاہور میں گھر 14 فروری1989 کو اسحاق ڈار نے حق مہر کےعوض اپنی اہلیہ کو دیا، نیب نے گھر منجمد کرتے ہوئے نیلامی کیلئے پنجاب حکومت کی تحویل میں دے دیا۔وکیل نے بتایا کہ احتساب عدالت نے تبسم اسحاق کی نیب کے اقدام کے خلاف درخواست 7نومبر 2019 کو خارج کردی۔عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا۔

FOLLOW US