Friday November 29, 2024

منظور پشتین کو رہائی نہیں ملے گی عدالت نےپی ٹی ایم رہنما کیخلاف بڑا حکم جاری کردیا

پشاور(نیوز ڈیسک) پشاور کی مقامی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) بھیجنے کا فیصلہ سنا دیا۔منظور پشتین کو گذشتہ رات پشاور کے علاقے شاہین ٹاون سے گرفتار کرکے پیر کی صبح عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔پی ٹی ایم سربراہ کے خلاف ڈی آئی خان میں ایک مقدمہ درج تھا جس میں وہ پولیس کو مطلوب تھے۔مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق منظور پشتین نے کہا تھا کہ ’وہ پاکستان کے آئین کو نہیں

مانتے کیونکہ یہ آئین مکمل طور پر غلط اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ یہ آئین بنایا ہی اس لیے گیا ہے کہ ساری زندگی پنجاب اکثریت میں اور پشتون اقلیت میں رہیں۔‘ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی ایم کے سربراہ نے ’ریاست پاکستان کے خلاف توہین آمیز اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی۔‘دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما محسن داوڑ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔محسن داوڑ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اسلام آباد میں پریس کلب کے سامنے منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لے رہے تھے۔

FOLLOW US