کراچی: کراچی میں کل سے سردی کی نئی شدید لہر آنے کا امکان، منگل 28 جنوری سے یکم فروری تک شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، درجہ حررات 13 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر قائد کراچی میں سردی کی شدت کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائے گی۔ رواں برس شہر قائد کے شہریوں کیلئے موسم سرما گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کافی شدید رہا ہے۔ معتدل موسم کیلئے مشہور کراچی میں اس مرتبہ سخت ترین سردی پڑی اور درجہ حرارت 5 ڈگری سیٹی گریڈ سے بھی نیچے گیا۔ اب محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں سردی کا موسم اب بھی ختم نہیں ہوا، کل سے شہر قائد سردی کی ایک اور لہر کیلئے تیار ہو جائے۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔
شہر قائد میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے بعد شہر میں پیر کے روز وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ منگل 28 جنوری سے یکم فروری تک کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ جبکہ کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سردی کی شدت بڑھنے اور بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بعض علاقوں، اسلام آباد اور ساتھ ساتھ مری، گلگت ، بلتستان اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سرد موسم کا یہ سلسلہ مارچ کے مہینے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔









