لاہور(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عوام نے چوہدری نثار کو ٹھکرا دیا،اب ان کے آرام کا وقت ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ تمام ائیر پورٹس پر اسکرینگ کی سہولیات فراہم کر دی گئیں۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جس مریض میں علامت ہے اس کو چیک کیا جاتا ہے صورت حال قابو میں ہے، ملتان میں جو مریض رپورٹ ہوئے ان کی تحقیق جاری ہے. وفاقی وزیر کے مطابق ایوی ایشن پالیسی کے مطابق نئی ائیر لائنز آنا چاہ رہی ہیں، گلف، آذربائیجان سمیت لفتھنزا ائیر لائن سے بات چیت جاری ہے،
ہم نے اپنی ائیر لائن کو بحال کرنا ہے اسی سال 5 جہاز آ رہے ہیں۔غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ نہ چوہدری نثار آ رہے ہیں نہ میں کہیں جا رہا ہوں، عوام نے انہیں ٹھکرا دیا ہے اب ان کے آرام کا وقت ہے وہ آرام کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں جا رہی یہ سیاسی بیان نہیں اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا ہے، یہ سال 2019 سے بہتر سال ہوگا،سیاسی ومعاشی بہتری آئے گی۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں یہ روایت موجود ہے کھل کر ہر ایشو پر بات کی جاتی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو پڑھناچاہئیے تھا، جنہوں نے اعتراض اٹھایا وہ رپورٹ تو پڑھ لیتے۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد پنجاب سے پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم کی اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ملاقات میں وزیراعظم نے عثمان بزدار پر ایک بار پھر بھرور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام شکایات اور تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اچھی طرح جانتا ہوں سازش کون کر رہا ہے اگر عثمان بزدار کو ہٹایا گیا تو حکومت 20دن بھی نہیں چل پائےگی۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بااختیار ہیں، ایک منفی پروپیگنڈا ہے کہ عثمان بزدار کے پاس اختیار نہیں، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب وزیراعلیٰ کی ٹیم بن کر کام کریں گے۔
مہنگائی کے معاملہ پر وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو حقائق منظرعام پر لانے کا ٹاسک دے دیا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ہوئی، عوام کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومتوں نے کیسے ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا۔وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہ ولیج کونسل انتخاب کی تیاری کرکے الیکشن کااعلان کیا جائے، نچلی سطح پر انتخاب ہی عوامی مسائل کا حل ہے۔









