کراچی (نیوز ڈیسک) ڈپٹی چئیرمین سلیم مانڈوی والا کا نوجوان بیٹا انتقال کر گیا، عامر مانڈوی والا کئی روز سے کراچی میں نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیرعلاج تھے اور پیر کے روز جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے جواں سال بیٹے انتقال کر گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 34 سالہ عامر مانڈوی والا کئی روز سے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔عامر مانڈوی والا کی حالت تشویش ناک تھی اور انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ تاہم ان کی حالت میں بہتری نہ آسکی اور یوں آج پیر کے روز وہ دوران علاج انتقال کر گئے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے صاحبزادے امیر مانڈوی والا
کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کواپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غم زدہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اورصبر سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے صاحبزادے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔ جبکہ ملک کی دیگر سیاسی قیادت کی جانب سے بھی سلیم مانڈوی والا کے صاحبزاے کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔