Sunday January 19, 2025

کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ جیل میں سرچ آپریشن: قیدیوں سے بڑی تعداد میں ایسی کیا چیز برآمد ہوگئی کہ پورا ملک حیران رہ گیا

کوئٹہ (ویب ڈیسک)کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ جیل میں سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں سے ممنوعہ سامان 25 ٹی وی سیٹ، درجنوں موبائل فون، منشیات اور 2 ٹرک دیگر ممنوعہ سامان برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ڈسٹرکٹ جیل میں انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا اور اس دوران جیل کی تمام بیرکوں اور ان میں موجود قیدیوں کی تلاشی لی گئی۔سرچ آپریشن میں قیدیوں سے 25 ٹیلی وژن، 300 موبائل فون، ہیروئن، شیشہ اور چرس سمیت 2 ٹرک دیگر ممنوعہ سامان برآمد کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے دوران انکشاف ہوا کہ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں موجود قیدی جیل میں اپنی پسند کے کھانے بھی کھاتے تھے اور مختلف بیرکوں سے بڑی تعداد میں چولہے اور برتن بھی برآمد کیے گئے ۔

اس موقع پر آئی جی جیل بلوچستان یوسف ملک نے بتایا کہ گرینڈ سرچ آپریشن چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کی ہدایت پر کیا گیا۔قیدیوں نے جیل کو فائیو سٹار ہوٹل بنایا ہوا تھا، آپریشن کے بعد جیل کے قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات دی جائیں گی، کسی کو خود کھانا بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی دیگر جیلوں میں بھی گرینڈ آپریشن جلد شروع کیے جائیں گے ۔جیل حکام کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے 2 روز قبل سول ہسپتال کے جیل وارڈ کے دورے کے موقع پر 16 قیدیوں کو جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا جو عرصہ دراز سے ہسپتال کے جیل وارڈ میں بیماربن کر سزا پوری کر رہے تھے ، ان قیدیوں نے منتقلی کے خلاف بھوک ہڑتال بھی کی تھی۔

FOLLOW US