Monday January 20, 2025

پاکستان کے سب سے جدید جنگی طیارے نے تباہ کن میزائل سے لیس ہو کر پرواز بھر لی

کامرہ : پاکستان کے سب سے جدید جنگی طیارے نے تباہ کن میزائل سے لیس ہو کر پرواز بھر لی، جے ایف 17 تھنڈر ڈوئل سیٹر طیارے حال ہی میں پاک فضائیہ کے حوالے کیے گئے تھے جنہیں اب بی وی آر میزائلوں سے لیس کر کے پیٹرولنگ کا آغاز کروا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے تیار کیے گئے اپنے تاریخ کے سب سے جدید جنگی طیارے کو اب آپریشنل بھی کر دیا گیا ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر ڈوئل سیٹر طیارے کو جدید فضاء سے فضاء میں دور تک مار کرنے والے بی وی آر میزائل سے لیس کیا گیا ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر ڈوئل سیٹر اب پاکستان کی فضاوں کے دفاع کیلئے محو پرواز ہو چکا۔ واضح رہے کہ پی اے سی کامرہ میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے جدید ڈوئل سیٹ جےایف 17 تھنڈر طیارے کی پہلی کھیپ تیار کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پی اے سی کامرہ میں تیار کی گئی 8 ڈوئل سیٹ جےایف 17 تھنڈرطیاروں کی پہلی کھیپ پاک فضائیہ کے حوالے کی جا چکی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے چین کے اشتراک سے کم قیمت مگر بہترین خصوصیات کا حامل طیارہ جے ایف 17 تھنڈر تیار کیا تھا جو پاک فضائیہ کا باقاعدہ حصہ ہے۔ اس وقت پاک فضائیہ کے پاس موجود جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں صرف ایک پائلٹ کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ تاہم اب پاک فضائیہ کے ماہرین نے پی اے سی کامرہ میں جے ایف 17 تھنڈر کا مزید جدید ورژن بھی تیار کر لیا ہے۔ اس طیارے میں اب 2 پائلٹس کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ فی الحال پی اے سی کامرہ میں کل 8 ڈوئل سیٹ جےایف 17 تھنڈر طیارے تیار کیے گئے ہیں جو جلد پاک فضائیہ کے سپرد کر دیے جائیں گے۔ ڈوئل سیٹ جےایف 17 تھنڈر طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہو جائے گا۔

FOLLOW US