Monday January 20, 2025

حکومت نے اپوزیشن کو باقاعدہ مک مکا کی پیشکش کر دی،بہت سے معاملات میں حکومت سے غلطیاں ہوئیں، بڑا اعتراف بھی کر لیا

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی بیرسٹر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بہت سے معاملات میں حکومت سے غلطیاں ہوئیں، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تلخیاں ختم ہونی چاہئیں۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہاکہ نئے سال کا آغاز مختلف طریقے سے کرنا چاہتے ہیں، پہلے دن کہنا چاہتا ہوں کہ اپوزیشن اور حکومت میں اہم معاملات میں اتفاق رائے کرنا ہوگا، بہت سے معاملات میں حکومت سے غلطیاں ہوئیں اور کچھ اپوزیشن کی بھی غلطیاں ہوں گی،ہر حکومت اور ادارے سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن کم از کم ایجنڈا طے

کرکے حکومت اور اپوزیشن اتفاق رائے سے سال کا آغاز کرے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں 100 فیصد اتفاق رائے نہیں ہوسکتا، پارلیمان کے ادارے حکومت اور اپوزیشن ہیں، پارلیمان سے باہر کے ادارے فوج اور عدلیہ ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ چاروں ادارے دست و گریباں ہیں، اگر ہم آپس میں دست و گریبان رہے تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائے، عدلیہ اور فوج کے معاملات پر سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن، احتساب اور آرمی ترمیمی بل پراتفاق رائے ہونا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر ہم احتساب کا نظام نہیں لا سکتے تو الیکشن کمیشن بھی نہیں بناسکتے، جمہوریت میں کم سے کم اتفاق رائے کی ضرورت ہوتی ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تلخیاں ختم ہونی چاہیے اور یہ تلخیاں صرف انسانی بنیادوں پر رہیں تو بہتر ہے۔

FOLLOW US