Monday September 8, 2025

لوگوں سے چھت چھین لی ،اب کہتے ہیں پناہ گاہ میں رہیں اور لنگر کھائیں وزیر اعظم کے اعلان پرشدید ردعمل آنے لگا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لوگوں سے چھت چھین لی، اب کہتے لنگرکھائیں اورپناہ گاہ میں رہیں، واہ عمران صاحب! واہ نیا پاکستان بنانے کے لئے کیا وژن ہے؟ مہنگائی3 فیصد سے14 فیصد کرکے پناہ گاہ میں کھانا دینے سے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب لوگوں کے سر سے چھت چھین کر کہہ رہے ہیں، لنگر کھائیں اور پناہ گاہ میں رہیں واہ عمران صاحب واہ کیا وژن ہے نیا پاکستان بنانے کے لئے؟ انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھردینے کا وعدہ کیا تھا، پناہ گاہ میں سہولیات پوری کرنے سے بات نہیں بنے گی عوام ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھروں کے منتظر ہیں۔

مہنگائی تین فیصد سے 14 فیصد کرکے پناہ گاہ میں کھانا دینے سے کچھ نہیں ملے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ لوگوں کی روٹی بند کر دی، کاروبار بند کر دیا، اس کے بارے میں سوچیں انڈے، کٹے، مرغیوں کا کیا ہوا؟ جو لوگوں کو دینے سے ان کا روزگارچلنا تھا ؟ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراء اعلیٰ سے لوگوں کا روزگار، کاروبار اور روٹی کھولنے کی بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اور گھریلو صارفین کے لئے گیس بند ہے، لوگوں کے چولہے بند ہیں، آپ پناہ گاہوں میں سہولیات کی ہدایات دے رہے ہیں سفید پوش لوگوں کی روٹی کا کون بندوبست کرے گا جو کسی سے مانگ بھی نہیں سکتے، انہیں کون روزگار اور کاروبار دے گا؟ واضح رہے وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی کو ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پناہ گاہوں میں نہیں ہیں، انتظامیہ انہیں کھانا اور عارضی پناہ گاہ فراہم کرے۔