Friday November 29, 2024

فواد چوہدری نے وزیراعظم سے اپنے حلقے کیلئے اربوں روپے کا خصوصی حصہ مانگ لیا

جہلم : وفاقی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ صوبے کے وسائل میں جہلم کو اس کا شیئر دیا جائے، ہم ریاست سے بھیک نہیں مانگ رہے ہم اپنا حصہ مانگ رہے ہیں، ہماری صنعت 300 ارب روپیہ ہرسال قومی خزانے کو دیتی ہے، ہمارا حق دیا جائے تاکہ ہم طے کرسکیں کہاں پیسے خرچ کرنے ہیں۔ انہوں نے پنڈ دادن خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے ساتھ زیادتی کی۔ ماضی کی حکومتوں نے اس علاقے کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء اور2018ء میں لاہورکا فی کس خرچہ 50 ہزار روپے تھا۔ راولپنڈی ڈویژن کا فی کس خرچہ 15 ہزار روہے تھا، جبکہ جنوبی پنجاب میں فی کس خرچہ صرف 8 ہزار روپے تھا۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وسائل کی کس قدر غیرمنصفانہ تقسیم کی گئی۔ اس تقسیم کو منصفانہ بنانا وفاق کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ صوبے کے وسائل میں ہمارا حصہ ہمیں دیا جائے تاکہ ہم طے کرسکیں کہ ہم نے کہاں کہاں پیسے کو کیسے خرچ کرنا ہے۔ ہم ریاست سے بھیک نہیں مانگ رہے ہم اپنا حصہ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بڑی صنعتیں اور فیکٹریاں ہیں، ہماری بڑی کمپنیاں بھی اپنا سرمایہ لاہوراورکراچی میں لگا رہی ہیں۔ ہماری صنعت 300 ارب روپیہ ہرسال قومی خزانے کو دیتی ہے۔ وزیراعظم کو چاہیے کہ علاقوں کو ان کا شیئر دیا جائے اس سے فیڈریشن مضبوط ہوگا۔ جہلم کو فیوچر ویژن سٹی کے طور پر ترجیح دی جائے۔ جہلم اسلام آباد سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے، جی ٹی روڈ کو موٹروے کی طرز پراپ گریڈ کیا جائے پھر ہمارا فاصلہ پینتالیس منٹ ہو جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ کھیوڑہ کا نمک پورا پاکستان کھاتا ہے۔ آج نمک کوآپ نے اور آپ کی حکومت نے وفا کیا ہے۔ یہاں پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ وزیراعظم کے وسیلے سے لاکھوں لوگوں کوپانی ملا ہے۔ اس نہر سے پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ وزیراعظم اس علاقے کے چپے چپے سے واقف ہیں۔ جہلم کی پانچوں سیٹیں تحریک انصاف نے جیتی ہیں۔

FOLLOW US