لاہور(نیوز ڈیسک) یہ خبریں تو گذشتہ سال سے سامنے آ رہی تھیں کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور صفدر اعوان کے صاحبزادے جنید صفدر اعوان نے بھی باقاعدہ طورپر سیاست میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے جنید صفدر نے گذشتہ سال جاتی امرا میں ن لیگ کے کارکنان سے ملاقاتیں بھی کیں تھیں ۔گذشتہ سال ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جبکہ ن لیگی کارکنوں نے جنید صفدر کی بڑی بڑی تصاویر اورفلیکسز جاتی امرا کے باہر لگائی تھیں ۔
ن لیگی زرائع کے مطابق جنید صفدر کی سیاسی تربیت نواز شریف نے کی اور اس مقصد کے لیے وہ جنید صفدر کو اپنے ساتھ سیاسی جلسوں میں بھی لے کر جاتے تھے۔تاہم اس کے بعد ن لیگ کے سیاسی حالات بدلتے گئے۔نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنا دی گئی تھی۔ بعدازاں نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت منظور کی گئی تاہم نواز شریف سخت بیمار ہو گئے۔البتہ اب ایک بار پھر جنید صفدر اعوان کے عملی سیاست میں قدم رکھنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس حوالے سے سنٹرل انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ن یوتھ پاکستان علی خان یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مریم نواز شریف اور کیپٹن صفدر اعوان کے فرزند محمد جنید صفدر اعوان کو این اے 14 مانسہرہ اور پی کے 33 سے امیدوار لانے کے لیے مشاورت اور صلاح مشورہ جاری ہے۔زرائع کا کہنا ہے کہ محمد جنید صفدر نے حال ہی میں برطانیہ سے انٹر نیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔۔سوشل میڈیا پر صارفین نے جنید صفدر اعوان کے سیاست میں آنے کے معاملے پر مختلف قسم کے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔