کراچی : ڈاکٹر عامر لیاقت نے انکشاف کیا ہے کہ کابینہ میں موجود کچھ لوگوں پر کرپشن کے چارجز ہیں، ان لوگوں کا عمران خان کو بھی پتہ ہے، اچھے مشیر، وزیر ہوں تو معاملات اچھے طریقے سے چل سکتے ہیں، عمران خان اکیلا کچھ نہیں کر سکتا جب تک ارد گرد کے لوگ ٹھیک نہ ہوں۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے مشہور عالم دین و پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے۔
انکا کہنا ہے کہ کابینہ میں موجود کچھ لوگوں پر کرپشن کے چارجز ہیں، ان لوگوں کا عمران خان کو بھی پتہ ہے، اچھے مشیر، وزیر ہوں تو معاملات اچھے طریقے سے چل سکتے ہیں۔ انکا مزید کہنا ہے کہ عمران خان اکیلا کچھ نہیں کر سکتا جب تک ارد گرد کے لوگ ٹھیک نہ ہوں۔ پی ٹی آئی گورنمنٹ آپوزیشن پر ہمیشہ سے کرپشن کے الزامات لگاتی رہی ہے۔ حکومتی جماعت کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک ملک بنائیں گے۔ آپوزیشن کے بہت سے لوگ مختف مقدمات میں نیب کی حراست میں ہیں۔ مخالف سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ یہ انکے خلاف کی گئی سازش ہے اور ان سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ نیب راولپنڈ ی نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو اسپورٹس سٹی کمپلیکس اسکینڈل میں گرفتار کرلیا تھا، احسن اقبال کو نیب راولپنڈی نے آج انکوائری کیلئے طلب کیا تھا۔
احسن اقبال نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو آج پیش ہوئے تھے۔ جہاں پر سوالات کے غیرتسلی بخش جوابات دینے پر نیب ٹیم نے ان کو گرفتار کرلیا تھا۔ نیب نے احسن اقبال کی گرفتاری سے متعلق اسپیکرقومی اسمبلی کو بھی خط لکھ دیا تھا۔ جس میں رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کی گرفتار ی سے اسپیکر کو آگاہ کیا گیا تھا۔اعلامیہ نیب میں بتایا گیا تھا کہ احسن اقبال کا آج میڈیکل معائنہ کیا جائے گا۔ واضح رہے نیب راولپنڈی نے گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی طلبی کا سمن جاری کیا تھا۔ سمن میں احسن اقبال کو کل راولپنڈی دفتر میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نیب حکام نے احسن اقبال سے تحقیقات سے قبل نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں نارووال کا دورہ بھی کیا تھا۔ یاد رہے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے بعد اب احسن اقبال حکومت کیخلاف سیاسی بیان بازی کرنے میں متحرک ہیں۔
ن لیگ اور احسن اقبال کی جانب سے ان کو جلد طلب کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔ انہوں نے گزشتہ روز بھی اپنے بیان میں کہا کہ نیب کے سیاسی مقاصد کا سب کو معلوم ہوچکا ہے۔ نیب نے میرے خلاف کیس بنایا، میں بالکل ضمانت نہیں کرواؤں گا۔ بلکہ نیب کے جھوٹ کو بے نقاب کریں گے۔ نارووال میں اسپورٹس سٹی منصوبہ جو پیپلزپارٹی کے دور میں منظور ہوا تھا، کیا نارووال ہندوستان یا اسرائیل ہے؟ وہاں کے لوگ ٹیکس نہیں دیتے؟ میری نگرانی میں سی پیک کے ساڑھے 28ارب ڈالر کے منصوبے منظور ہوئے۔ میں نیب اورخفیہ اداروں کو چیلنج دیتا ہوں کہ ثابت کردیں کہ میں نے ایک روپے کا بھی مفاد لیا ہو۔