لاہور : پی آئی سی ہسپتال پر حملہ کرنے، مریضوں کی اموات کا باعث بننے والے گرفتار وکلاء کو رہا کر دیا گیا، لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی آئی سی پر حملہ کیس میں گرفتار 17 ملزمان وکلاء کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی آئی سی پر حملہ کیس میں گرفتار 17 ملزمان وکلاء کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت کے روبروگرفتار وکلا نے سینئر وکیل مقصود بٹر ، نائب صدر سپریم کورٹ بار چوہدری غلام مرتضی کے توسط سے ضمانت کی درخواستیںدائر کی تھیں۔ سماعت کے موقع پرتفتیشی افسر نے ریکارڈ پیش کیا۔ عدالت نے ریکارڈ دیکھنے اورفر یقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنا دیا۔ جمعرات کے روز عدالت نے گرفتار وکلاء طیب رسول، علی رضا ،عمر غفور ،وقاص علی ،فہد سلطان ،محمد شہباز ،شہروز ، رانا محمد اسلم ،اسد سلمان، قمر شاہد ،شاہد جاوید ،رجب شریف ،محمد شہزاد الحق، ملک طاہر محمود ، محمد عثمان ،بدر جمال ،بشیر حیدر سمیت 17 وکلاء کی دائر ضمانت کی درخواستیں منظور کر تے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔