اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کے اعلٰی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف 28 مئی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تعصب پر مبنی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ مجوزہ فیصلہ سے ملک میں ترقی کا سفر رک گیا ہے۔ اپوزیشن اراکین کے شدید احتجاج کے ردعمل کیپٹن(ر) صفدر جذبات میں آگئے اور کہا کہ ثاقب نثار سے کہو کہ وہ تمہیں داسو اور بھاشا ڈیم بنا کر دے ۔ کیپٹن(ر) صفدر کے ریمارکس پر پی ٹی آئی اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور کیپٹن(ر) صفدر کے خلاف احتجاج شروع کر
دیا ۔رکن اسمبلی میاں عبدالمنان نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر پی ٹی آئی کے اراکین پر متعدد دفعہ لعنت بھیجی ۔ جس پر پی ٹی آئی کے ارکان مشتعل ہو گئے اور براہ راست ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال شروع کر دیا۔