کراچی(ویب ڈیسک) ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایمبولینس میں منتقل کی جانے والی 270 درآمدہ گاڑیوں اور12 درآمدکردہ ریسکیو کشتیوں پرڈیوٹی وٹیکسوں کی صورت میں ادا کیے جانے والی رقم ریفنڈ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے . ایکسپریس کے مطابق عبدالستار ایدھی فاونڈیشن کے منیجنگ ٹرسٹی سعد ایدھی کی اس ضمن میں سندھ حکومت سے مداخلت کی اپیل پروزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین ایف بی آر کوخط ارسال کیاہے جس میں کہاگیاہے کہ ایف بی آرایدھی فاونڈیشن کی جانب سے درآمدکی جانے والی270 گاڑیوں کی کلیئرنس کیلیے وصول کیے جانے والے 18 کروڑ روپے فاؤنڈیشن کو ریفنڈ کرائے جائیں
جبکہ پاکستان کسٹمزکی تحویل میں ایک فوربائی فور لینڈ کروزرجیپ بھی ریلیز کی جائے ۔ سعد فیصل ایدھی کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو بھیجی گئی اپیل میں بتایاگیاہے کہ مالی سال 2016-17 کے دوران ایدھی فاونڈیشن نے150 گاڑیاں، سال 2018 میں 120 گاڑیاں اور 12 ریسکیو کشتیاں درآمد کی تھیں جن پر ایدھی فاونڈیشن نے ایف بی آر کوڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں قابل ریفنڈ 18 کروڑ روپے ادا کیے تھے.خط میں بتایاگیاہے کہ ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے مذکورہ تمام درآمدہ گاڑیاں ایمبولنس میں تبدیل کردی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے ادا شدہ ٹیکس کی رقم واپس نہیں کی جارہی. انھوں نے بتایا کہ دبئی سے ایک پاکستانی نژاد شہری نے ایدھی فاؤنڈیشن کو 4×4 لینڈ کروزر عطیہ کی تھی لیکن مذکورہ لینڈکروزرجیپ بھی کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی تحویل میں ہے. اس ضمن میں محکمہ کسٹمز کراچی کے حکام نے ایکسپریس کے استفسارپربتایاکہ ایدھی فاؤنڈیشن ملک وقوم کی خدمت میں سرگرداں ہے۔ اگر ایدھی فاؤنڈیشن کومحکمے سے کوئی مسئلہ درپیش ہے تو ان کی نشاندہی کے ساتھ فوری طور پرمسئلہ حل کیاجائے گا.کسٹم حکام نے بتایاکہ تاحال محکمہ کسٹمز کوایدھی فاؤنڈیشن سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تاہم وزیراعلی سندھ کے مکتوب پر ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں کا تمام سابقہ ریکارڈ نکلوانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کاجائزہ لینے کے بعد جلد ہی ایدھی فاؤنڈیشن کو ریفنڈکردیاجائے گا. محکمہ کسٹمز کی تحویل میں لینڈکروزر سے متعلق استفسار پر کسٹمز حکام نے بتایاکہ فوربائی فورلینڈکروزر جیپ کی کسٹم کلیرنس وفاقی وزارت تجارت کی این او سی سے مشروط ہے لہذا ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے محکمہ کسٹمز میں وزارت تجارت کی جاری کردہ این اوسی اس جمع کرانے کی صورت میں فی الفور لینڈ کروزرجیپ ریلیز کردی جائے گی۔