Sunday February 23, 2025

آصف زرداری، شاہد خاقان، سعد رفیق اور خورشید شاہ جیل سے باہر، اپوزیشن جماعتوں کو بڑا ریلیف دیدیا گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 4 اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔اسپیکر اسد قیصر نے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے مختلف کیسز میں گرفتار دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کے 4 اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے ہیں۔جن اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے ہیں ان میں آصف علی زرداری، شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اور خورشید شاہ شامل ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے۔اس سے قبل

7نومبر کو اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔ ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق بھی نیب کی حراست میں تھے اور ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی بھی درخواست دی گئی تھی جو آج وہ بھی منظور کر لی گئی ہے۔واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگا۔اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے اجلاس میں ایوان کی معمول کی کارروائی سمیت اہم قومی امور زیر غور لائے جائیں گے۔ اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔اجلاس میں جیل میں قید اپوزیشن رہنما بھی شرکت کریں گے۔