Sunday February 23, 2025

تاریخ میں عمران سے جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا،عمران نیازی، نیب کے گٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کیے گئے،شہباز شریف

لندن (نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو تاریخ کا جھوٹا وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی اور نیب گٹھ جوڑ ایک مرتبہ پھر ناکام ہوا۔لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور قومی احتساب بیورو (نیب) کےگٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کیےگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا کہ عمران نیازی اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے، اللہ تعالیٰ نے کل سپریم کورٹ میں ہمیں سرخرو کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا اور دونوں مقدمات میں میرٹ

پرضمانت ہوئی لیکن نیب نے چیلنج کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست مستردکر دی، ہم نے جیلیں کاٹیں، نیب کے عقوبت خانوں میں رسوائی ہوئی اور نیب کے اقدامات سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورت حال پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے یک جہتی ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے کاز کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے اور ان کی آواز اور کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ‘اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ کل ایک مرتبہ پھر جھوٹ اور سچ کو الگ کرکے دکھا دیا اورآج سچائی کی تیز روشنی کو پوری قوم دیکھ رہی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اللہ نے ہمیں عدالت عظمیٰ میں سرخرو کیا اور پوری قوم نے دیکھا کہ ہماری نیک نیتی کی گواہی کی آواز عدالت عظمیٰ میں سنائی دی گئی’۔مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ‘کل میری ضمانت کو منسوخ کرنے کے حوالے سے عمران خان نیازی اور نیب نے درخواست دی، ہمیشہ کہتا رہا یہ گٹھ جوڑ ہے مگر اب تو اس میں کوئی شک نہیں رہا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں نے تاریخ میںعمران خان سے جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ ‘نعیم بخاری وکیل ہیں اور وہ پی ٹی آئی کی اندرونی ٹیم اور پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور انہوں نے ضمانت منسوخی کی نیب درخواست پر وہ پیش ہوئے حالانکہ نیب کے پاس پراسیکیوٹر کی فوج ظفر موج ہے اس کو نیب نے ایک طرف کیا اور میرے ساتھ الفت کا ثبوت یہ دیا اور پی ٹی آئی کے رکن نعیم بخاری کو عدالت میں مقدمے کا

دفاع کیا’۔شہباز شریف نے کہا کہ ‘عدالت عظمیٰ نے جو سوالات کیے وہ سب کچھ پوری قوم نے ٹی وی پر سنا اور اخبارات میں سب چھپ چکا ہے’۔حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کی اور 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی حالانکہ 2014 سے پہلے 20،20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی سامنے آرہی ہے، اپنے وسائل سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کیے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے بجلی کے منصوبے دنیا کے سب سے سستے منصوبے تھے، بجلی کے منصوبے تخمینے سے آدھی قیمت پر لگائے تھے۔