کراچی(این این آئی)وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی مالیاتی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران مجموعی آمدن 1489 ارب روپے رہی، جبکہ مجموعی طور پر اخراجات کا حجم 1775 ارب روپے رہا، پہلی سہ ماہی میں وفاقی حکومت کا بجٹ خسارہ تو 442 ارب 25 کروڑ روپے رہا، تاہم صوبوں کا سرپلس شامل کرکے مجموعی طور پر بجٹ خسارہ 286 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جوجی ڈی پی کا 0.7 فیصد ہے، جولائی سے ستمبر تک سب سے زیادہ رقم 571 ارب 68 کروڑ روپے سود کی ادائیگی پر خرچ
ہوئی جو گزشتہ سال سے 12.7 فیصد زیادہ ہے۔دفاعی اخراجات 10.6 فیصد اضافے سے 242 ارب 64 کروڑ روپے تک پہنچ گئے، تین ماہ کے دوران حکومت نے تعلیم پر 15 ارب 65 کروڑ روپے خرچ کیے جو گزشتہ سال سے 20 فیصد کم ہیں، صحت پر 2 ارب 53 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جو پہلے سے 23 فیصد کم ہیں۔ماحولیاتی تحفظ کا بجٹ صرف ساڑھے 13 کروڑ روپے ہی رہا جو پہلے سے 40 فیصد کم ہے، صوبوں کو 612 ارب 47 کروڑ روپے منتقل کیے گئے جو گزشتہ سال سے 50 ارب روپے کم ہیں، تاہم صوبوں نے یہ رقم بھی پوری طرح خرچ نہ کی، بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے پنجاب نے وفاق کو 75 ارب روپے، سندھ نے 35 ارب روپے، خیبر پختونخوا نے 53 ارب روپے اور بلوچستان حکومت نے 37 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا۔