اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے احتساب کا عمل سخت کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی ایف آئی واجد ضیاء کو ہدایت کی ہے کہ کرپشن، منی لانڈرنگ کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بلاتفریق احتساب حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے نئے تعینات ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن، منی لانڈرنگ کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بلاتفریق احتساب حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے کہا کہ اپنے فرائض پوری دیانتداری سے انجام دوں گا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے حال ہی میں ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز اوربیوروکریسی کے افسران نے ملاقات کی،وزیراعظم عمران خان نے ترقی پانے افسران کو مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افسران کو ترقی میرٹ اور کارکردگی کو مدنظر رکھ کردی۔ ملک کی تعمیروترقی کیلئے سیاسی لیڈرشپ کا کام ویژن دینا ہے۔بیوروکریسی کا کام اس ویژن کو عملی جامہ پہنانا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان گورننس کے لحاظ سے مثالی ملک سمجھا جاتا تھا۔ جبکہ ہمارا ملک آج خطے میں دوسرے ممالک سے قدرے پیچھے رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملکر ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ملک کو آگے لے جانے کیلئے نئی سوچ، طرزعمل اور گڈ گورننس کی ضرورت ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز حکومت نے بڑے پیمانے پر وفاق اور پنجاب کی بیوروکریسی میں تقرر اور تبادلے کیے ہیں۔
چودہ سینئر بیوروکریٹ کو گریڈ بائیس میں ترقی بھی دے دی گئی ہے۔ پنجاب میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ پنجاب کی بیوروکریسی اور محکموں میں تقرر و تبادلے کا اختیار چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو دیا گیا ہے۔