Monday February 17, 2025

اپنے ہی دغا کر گئے۔۔۔ سینیٹ الیکشن میں کن انتہائی بااعتماد شخصیات نے مسلم لیگ (ن)کو ووٹ نہیں ڈالا،،انکشاف ہوگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 3 ارکان کے ووٹ نہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ظفرالحق نے 46 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ ان کے مدمقابل صادق

سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے۔مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ میں مطلوبہ ووٹ نہ ملنے کی تحقیقات کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب تحقیقات میں حیران کن انکشاف ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کو ممکنہ تعداد سے 7 ووٹ کم پڑے جب کہ پارٹی امیدوار کو ووٹ نہ دینے والوں میں (ن) لیگ کی سینیٹر کلثوم پروین اور فاٹا سے مرزا آفریدی بھی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 3 ارکان کا بھی (ن) لیگ کو ووٹ نہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ (ن) لیگ کی تحقیقات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود، مولانا عطا الرحمان اور مولوی فیض محمد نے بھی حکومتی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا جس کی وجہ جے یو آئی (ف) کو سینیٹ کی ڈپٹی چئیرمین شپ نہ ملنے پرتحفظات تھے، راجہ ظفر الحق کو صرف مولانا عبد الغفور حیدری نے ووٹ دیا۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ کے بعد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا جس پر مولا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی ف کے ارکان ووٹ نہ دیں یہ ہو نہیں سکتا لیکن وہ اس معاملے کی خود پارٹی میں تحقیقات کر کے آگاہ کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ (ن) لیگ کی تحقیقات میں ووٹ نہ ڈالنے والے 2 سینٹرز کا تاحال پتہ نہیں چل سکا۔