راولپنڈی (آن لائن) الشفاء ٹرسٹ آئی ہاسپٹل راولپنڈی کی لفٹ ٹوٹنے سے بیس سے زائد عمر رسیدہ مریض خواتین زخمی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح نو بجے رفیق نامی سہولت کار نے گنجائش سے زیارہ خواتین کو لفٹ میں ٹھونس دیاجن کے وزن سے لفٹ کا رسہ ٹوٹ گیا او ر لفٹ تیسری منزل سے گراؤنڈ فلور پر جا گری جسکے نتیجے میں کئی عمررسیدہ خواتین زخمی ہو گئیں جنہیں بعدازاں ضروری مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق لفٹ آپریٹر منظور جو بیک وقت دو لفٹوں کو آپریٹ کر
تا ہے نے ہسپتال کے سہولت کار کو کہا کہ اس لفٹ پر بیک وقت بارہ آدمیوں کی گنجائش ہے آپ نے بیس سے زائد لوگوں کی زندگی کو خطرے میں کیوں ڈالا تو اس نے لفٹ آپریٹر پر چلانا شروع کر دیا اور سرعام دھمکیاں دینے لگا کہ میں ہسپتال کے صدر کا خاص آدمی ہوں میں تم سب کو نوکری سے فارغ کروا دوں گا۔لفٹ حادثے کے بعدمریض خواتین اور انکے لواحقین نے چلانا شروع کر دیا جس پر انہیں ڈرا دھمکا کر خاموش کروا دیا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے صدر پاکستان سے جو اس ہسپتال کے ٹرسٹی بھی ہیں اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔