Friday November 29, 2024

دھند کا راج شروع ہونے کو ہے، عوام کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں

لاہور : پنجاب کے کئی علاقوں کا دھند کی لپیٹ میں آنے کا امکان، لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت، خاص کر قومی شاہراہوں پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی تلقین۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہونے کا امکان ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں برس گزشتہ برس کے مقابلے میں دھند کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔

لوگوں کو اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے تلقین کی گئی ہے کہ دھند کے موسم میں زیادہ نقل و حرکت سے گریز کیا جائے۔ اس تمام صورتحال کے پیش نظر مختلف شہروں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ اڈاجات، پبلک سروس گاڑیوں اور روڈ یوزرز میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
شہریوں کو آگاہی دی جار ہی ہے کہ دھند کے اوقات میں اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کی رفتار انتہائی آہستہ رکھتے ہوئے اپنے سے اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، ڈرائیونگ پر مکمل توجہ رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اگر گاڑی میں فوگ لائٹس نہیں ہیں تو پھر پارکنگ لائٹس اور ہیڈ لائٹس کو آن کر دیں یا دونوں اشارے آن رکھیں تاکہ آپ سے پیچھے یا سامنے سے آنے والی گاڑی یا موٹر سائیکل کے ڈرائیور کو آپ کی گاڑی یا موٹر سائیکل کی سڑک کے اوپر موجودگی کا اور رفتار کا صیحح اندازہ سکے، شہری دھند کے اوقات میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ دھند میں اکثر روڈ حادثات بے احتیاطی اور دورانِ ڈرائیونگ دھند کے دوران بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ مو سمیا ت کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد بالائی پنجاب میںموسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم سرگودھا،خوشاب،چکوال ،اٹک، سیا لکوٹ ، حافظ آباد اور لاہور کے اضلاع میں موسم سرد اور صبح کے اوقات میں دھند رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت، ، بلتستا ن اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں چند مقامات پر گرج چمک کے سا تھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف با ری کا امکان ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور ڈویژن سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد ،گلگت، بلتستا ن اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں چند مقامات پر بارش ہوئی جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سردرہا۔

FOLLOW US