Monday January 20, 2025

جنرل مشرف والا کٹا کھولنے کا کیا فائدہ؟ چوہدری شجاعت کی پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کھولنے پر تنقید

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں ہیں یا موجودہ اس کے تعین کے لیے سپریم کورٹ جائیں گے.
لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا کہ جنرل مشرف والا کٹا کھولنے کا کیا فائدہ؟ عوامی فلاح کے بجائے نئے گورکھ دھندوں میں نہ پڑیں، پرویزمشرف کا کیس پانچ سال سے زائد عرصہ سے چل رہا ہے اور مزید پانچ سال تک چلتا رہے گا پھر بھی عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور نہ ہی مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر خرابیوں کا خاتمہ ہو گا، ٹماٹر جس بھاﺅ اب مل رہے ہیں کیا پانچ سال بعد ان حرکات کی وجہ سے سستے ہو جائیں گے؟چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاملات خرابی کی جس سطح پر پہنچ گئے ہیں اس کا اصل ذمہ دار کون ہے پچھلی حکومتیں یا موجودہ حکومت، تمام سیاستدان جو عوام کو امیدیں دلا کر دھوکہ دے رہے ہیں ان کو بے نقاب کرنا چاہئے، ہم بھی معاملات کی خرابی کے اصل ذمہ داروں کے تعین کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے پر اپنے قانونی ماہرین سے مشورہ کر رہے ہیں.

صدر (ق) لیگ نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی یا دھرنا کلچر جس میں ہماری پارٹی بھی شامل تھی کے بجائے سب مل کر کسی بھی طریقے سے ملک کو اس دلدل سے باہر نکالیں، جو بھی پارٹی ملک کے مفاد میں جو بھی قدم اٹھائے گی ہم اور ہماری پارٹی سب چیزوں کو بھول کر ملکی مفاد میں اقدام کرنے والوں کا ساتھ دے گی. انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بےروزگاری کے ذمہ داروں کیلئے درخواست دیں گے، امیدیں دلا کر دھوکا دینے والوں کو بے نقاب کرناچاہیے.
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف آئین شکنی کیس کا فیصلہ روکنے کے لیے دو درخواستیں دائرکی گئی ہیں، ایک درخواست وزارت داخلہ اور دوسری پرویز مشرف کے وکیل نے دائر کی. وزارت داخلہ نے درخواست میں مو¿قف اختیار کیا کہ پرویز مشرف کو صفائی کا موقع ملنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے اور نئی پراسیکیوشن ٹیم تعینات کرنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے بھی روکا جائے، اس کے علاوہ خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم نامہ معطل کیا جائے.

FOLLOW US