Monday January 20, 2025

وفاق کابینہ نے بھارت سے اشیاء درآمد کرنے کی تجویز مسترد کردی، اب اشیاء کس ملک سے منگوائی جائینگی، فیصلہ کرلیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ نے بھارت سے اشیاء درآمد کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ ارکان نے تجویز دی کہ بھارت کی بجائے چین سے اشیاء درآمد کی جائیں، کابینہ نے عالمی ادارہ خوراک کوگاڑیوں کے ممنوعہ اسپیئرپارٹس کراچی سے افغانستان لے جانے کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا ہے، 3 گھنٹے سے زائد وقت پر محیط اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔کابینہ میں بھارت سے اشیاء درآمد کرنے کی اجازت سے متعلق بھی بحث کی گئی۔ کابینہ ارکان نے بھارت سے اشیاء درآمد کرنے کی تجویز مسترد

کردی۔ ارکان نے کہا کہ بھارت کی بجائے چین سے اشیاء درآمد کی جائیں۔بھارت سے کیڑے مارادویات اور پولیو مہم کے لیے فنگرمارکردرآمد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اجلاس میں پی ٹی وی کے ایم ڈی عمار کی تعیناتی اور مراعات ، تنخواہ کی منظوری دی گئی۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی معطلی سے متعلق وفاقی کابینہ کا اجلاس دوبارہ طلب کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس کا دوسرا سیشن کچھ ساڑھے پانچ بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس میں کابینہ ارکان اور قانونی ماہرین سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن پر مشاورت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کابینہ کو اعتماد میں لے کرآئندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ ارکان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیارچیف ایگزیکٹوکے پاس ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کشمیر اور سکیورٹی صورتحال کو دیکھ کرکیا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے۔ ارکان نے کہا کہ وفاقی کابینہ متفقہ طور پر فوج کے ساتھ ہوگی۔ ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معطل نوٹیفکیشن پر قانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری بھی طلب کرلی ہے۔

FOLLOW US