Friday November 29, 2024

ایس ایس جی کمانڈو میجر لاریب حسن کو کس نے قتل کیا؟ قتل کے وقت ان کے ساتھ پارک میں موجود لڑکی کا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد : اسلام آباد کے پارک میں قتل ہونے والے ایس ایس جی کمانڈو میجر لاریب حسن قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، قتل کے وقت میجر لاریب کے ساتھ موجود لڑکی علینہ نے اپنا بیان رہکارڈ کروا دیا ہے۔ علینہ کے مطابق میجر لاریب کو ڈکیتی کی غرض آنے والے دو افراد نے قتل کیا۔ علینہ نے کہا ہے کہ وہ اور میجر لاریب پارک میں بیٹھے ہوئے تھے کہ دو افراد ڈکیتی کی غرض سے ہمارے سامنے آ کر کھڑے ہو گئے لڑکی کے بیان کے مطابق ایک شخص کے پاس پسٹل تھا اور انہوں نے ہم سے کہا جو کچھ بھی ہمارے پاس ہے نکال دیں جس پر میجر لاریب نے ذرا توقف کیا تو ملزمان نے لاریب کے منہ پر لات ماری۔ لڑکی کے مطابق ملزمان نے پستول سے فائر کر دیا اور گولی میجر لاریب کے سر پہ لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

لڑکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میجر لاریب کے ساتھ ان کے خاندانی تعلقات تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں فائرنگ سے پاک فوج کا اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا بتایا گیا تھا اسلام آباد میں تھانہ کراچی کمپنی کے علاقہ جی نائن میں فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا تھا کہ مقتول کی شناخت محمد لاریب حسن ولد محمد حسن کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایا تھا کہ محمد لاریب حسن پاک فوج کا ملازم ہے جس کی اٹک میں پوسٹنگ تھی اور وہ کراچی کا رہائشی ہے۔اب معلوم ہوا ہے کہ قتل ہونے والا جوان پاک فوج کا میجر اور ایس ایس جی کمانڈو تھا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ ڈاکوؤں نے ان سے موبائل چھیننے کی کوشش میں فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ لاریب موسیقی سے بھی گہرا لگا رکھتے تھے۔محمد لاریب کی اچانک وفات پر سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

FOLLOW US