اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے نے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد نے سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے خلاف 7.2ملین ڈالر کے سیکریٹ فنڈز میں خرد برد کے معاملے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے وزرات خارجہ سے پاکستان سفارتخانے کی دستاویزات طلب کر لی ہیں۔ اور ملزم کے خلاف دفعہ 420کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل پر اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ ضابطے کی کارروائی پوری
کرنے کےلئے میرے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں ۔ شکر کریں کہ میرے خلاف کہیں بھینس چوری کا مقدمہ نہیں ڈالا گیا۔ اب تو مجھے سفارت چھوڑے بھی سات سال گزر گئے۔ اگر کوئی بد عنوانی کی ہوتی تو پہلے نشاندہی ہوتی۔