اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارت نے پاکستان کی طرف سے سکھوں کے لیے دی گئیں مراعات کو مسترد کر دیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کی 550 ویں برسی کے موقع پر سکھوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کیا گیا تھا اور وزیراعظم عمران خان نے 10 دن پہلے فہرستوں کی فراہمی اور پاسپورٹ کی شرط کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم بھارت نے پاکستان کی طرف سے سکھوں کے لیے دی گئیں مراعات کو مسترد کر دیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت قیادت کرتارپور راہداری پر ذہنی الجھاوٴ کا شکار ہے،
بھارت نے وزیراعظم کی اعلان کردہ مراعات کو مسترد کر کے سکھوں کے جذبات کو مجروح کیا، اگر بھارت مراعات سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا تو یہ اس کی مرضی ہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق بھارت نے نیویارک سے تعلق رکھنے والے مصنف اور صحافیم سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے ، آتش تاثیر کی شہریت منسوخ کردی ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کی ترجمان نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ آتش تاثیر پوچھے گئے سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہے۔ سوالات (پی آئی او) اور (او سی آئی) سے متعلق پوچھے گئے تھے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آتش تاثیر نے کاغذات جمع کراتے وقت یہ بات چھپائی کے ان کے والد پاکستانی تھے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق دوسری جانب آتش تاثیر نے بھارتی وزارت داخلہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نوٹس کا جواب دے دیا تھا۔آتش تاثیر نے اپنے جواب سے متعلق ای میل کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔او سی آئی کارڈ بھارتی نژاد غیر ملکیوں کو بھارت میں کام کرنے اور رہنے کی اجازت دیتا ہے۔آتش تاثیر بھارتی صحافی تؤلین سنگھ اور سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے ہیں۔ آتش تاثیر نے اس سال بین الاقوامی میگزین ٹائمز میں مودی کو ہندوستان تقسیم کرنے والا قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کیا بھارت مودی حکومت کو مزید پانچ سال برداشت کر پائے گا۔