Monday January 20, 2025

جنرل باجوہ غلط کوغلط، درست کودرست کہنے والے انسان ہیں، وزیرداخلہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ غلط کوغلط، درست کودرست کہنے والے انسان ہیں، ہر ملک میں آرمی چیف کا کردار ہوتا ہے، جب تک فوج ہے ملک غیرمستحکم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کی سیاست کو ختم ہونا چاہیے۔ حکومتی ٹیم اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے۔

دھرنے کے خاتمے کیلئے بات چیت کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ امید ہے دھرنا احسن طریقے سے ختم ہوجائے گا۔ دھرنے کے بیشتر شرکاء کو معلوم ہی نہیں ان کا مقصد کیا ہے۔ دھرنے میں پچاس ہزارلوگ تھے۔ وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ مناسب نہیں۔ اسی طرح فوج کے بغیر الیکشن نہیں ہوسکتے۔ فوج کے بغیر الیکشن کے مطالبے نامناسب ہیں۔ عام انتخابات میں فوج کی تعیناتی سکیورٹی کیلئے ہوتی ہے۔ ہر ملک میں آرمی چیف کا کردار ہوتا ہے، جنرل باجوہ غلط کو غلط اور درست کو درست کہنے والے انسان ہیں۔ جب تک فوج ہے ملک غیرمستحکم نہیں ہوسکتا۔ ریجیکٹڈ ووٹ کا یہ پتا نہیں چلتا کہ وہ کس امیدوار کے ہیں۔ دھرنے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پیچھے چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی قیادت پاکستان کی سرزمین پر موجود نہیں۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز اور صفدر کا نام ای سی ایل میں ہے۔

عدالت نے ضمانت دینے سے پہلے نیب سے پوچھا۔ یہ نام نیب نے ای سی ایل میں ڈالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے اللہ نوازشریف کو صحت عطاء فرمائے۔ نوازشریف کے علاج معالجے کیلئے بیرون ملک جانا ضروری ہواتو راستہ نکل آئےگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔ ان کے کیسز عدالت میں ہیں۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ ایک سال میں اس حکومت نے جتنی ترقی کی ہے کسی حکومت نے نہیں کی۔ درآمد کم اور برآمد زیادہ ہونے سے روپے کی قدرکم ہوتی ہے۔ ملک تب غریب ہوتا ہے جب ایکسپورٹ کم اور امپورٹ زیادہ ہوجائے۔

FOLLOW US