اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے شرکا نے ایمبولینس کو راستہ دے کر مثال قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کا قافلہ رواں دواں تھا جب اُسی راستے پر ایک ایمبولینس آ گئی۔ ایمبولینس کو دیکھتے ہی اسپیکر پر اعلان ہوا کہ ایمبولینس کو راستہ دیا جائے اور شرکا سائیڈ پر ہو جائیں تاکہ ایمبولینس گزر سکے۔اعلان کیا گیا کہ ایمبولینس کو گزرنے دیا جائے۔ جس کے بعد ایمبولینس کو راستہ دیا گیا۔ اس تمام منظر کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے بھی آزادی مارچ کے شرکا کے اس اقدام کو خوب سراہا اور کہا کہ شرکا نے ایمبولینس کو راستہ دے کر انسانیت کی مثال قائم کر دی ہے۔خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے 27 اکتوبر کو سندھ
سے شروع ہونا والا ”آزادی مارچ” آج نصف شب اپنی منزل مقصود یعنی اسلام آباد کے سیکٹر H-9 میں واقع جلسہ گاہ پہنچ گیا ہے۔ شرکا سے اپنے انتہائی مختصر خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مارچ کا ”باقاعدہ افتتاح” آج بعد از نماز جمعہ ہو گا، جس کے بعد وہ اپنے مطالبات پیش کریں گے۔اس وقت اسلام آباد کی کشمیر ہائی وے کے ارد گرد ہر طرف مارچ کے شرکا ہی نظر آ رہے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد کے ایچ ایٹ گراؤنڈ میں آزادی مارچ کے شرکا کے لیے میڈیکل کیمپز بھی لگائے گئے ہیں۔ یہ میڈیکل کیمپز مختلف نجی فلاحی اداروں کے ساتھ ساتھ آزادی مارچ کے منتظمین کے زیر انتظام لگائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن نے سانحہ تیز گام ایکسپریس کے پیش نظر آزادی مارچ جلسہ ملتوی کر دیا تھا جو آج ہو گا۔