Tuesday January 21, 2025

تیاری کریں، سردی اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، موسم کا حال بتانے والوں کی پیشن گوئی

اسلام آباد : اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں (آج) جمعرات کو موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہے گا تاہم سندھ اور بلوچستان کے اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ (آج) جمعرات کو کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا (چترال، دیر، ایبٹ آباد، بٹگرام، ہری پور، مانسہرہ، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ ،کوہاٹ،پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، لوئر کرم کے اضلاع میں چند مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ اسی طرح سندھ کے ساحلی اضلاع بدین، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، نواب شاہ، میرپورخاص، حیدرآباد اور کراچی میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ، قلات ، زیارت، ژوب، خضدار، نصیر آباد، بارکھان، سبی، مکران کی ساحلی پٹی اور لسبیلہ میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہا تاہم مٹھی، تھرپارکر، میر کھانی، دروش میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ میٹھی، تھر پارکر 04، میرکھانی 02 اور دیر، دروش میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو صفر اور راولاکوٹ میں 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

FOLLOW US