لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف پر جوتا پھینکا جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف جیسے ہی جامعہ نعیمیہ کے ڈائس پرتقریر کےلئے آئے تو سامنے مجمع میں موجود ایک شخص نے جوتا اٹھا کر دے مارا جو ان کے ہاتھوں پر لگنے کے بعد ان کے
کندھے پرجا لگا۔ جوتا پھینکنے والے ،منور نامی شخص نے اس کے ساتھ ہی ختم نبوت اور ممتاز قادری کے نعرے لگاناشروع کر دیے ۔ نوازشریف اس حملے پر اتنے زیادہ گھبرائے کہ انھوںنے دونوں ہاتھ آگے بڑھا دیے تاکہ مزید حملوں سے بچ سکیں۔اس دوران وہاں شور سرابا اور کھلبلی مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے جوتا مارنے والا حملہ آور شخص جامعہ نعیمہ کا طالب علم نہیں تھا۔ موقع پر موجود لوگوں نے اسے تشدد کا بھی نشانہ بنایا ۔ واقعے کی وجہ سے سیمینار میں شدید بدمزگی پیدا ہوگئی۔ نواز شریف بھی انتہائی مختصر سا خطاب کرکے واپس روانہ ہوگئے جبکہ تقریب کو بھی وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔