Monday January 20, 2025

حکومت ختم اور مارشل لاء نافذ ہونے والا ہے؟ شیخ رشید کے معنی خیز بیان نے وزیراعظم کی پریشانی میں اضافہ کر دیا

لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گائوں کے سارے چوہدری بھی مر جائیں تو بھی مولانا فضل الرحمان کو اقتدار نہیں مل سکتا، وزیر اعظم عمران خان او رپاک فوج کے عظیم سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ جمہوریت کی گاڑی کے دو پہیے ہیں اورمولانا فضل الرحمان اس گاڑی کو ڈی ریل کرنے کی ناکام کوشش کرنا چاہتے ہیں،جو لوگ اور ادارے ملک کی سلامتی کیلئے فکر مند ہیں وہ سیاسی انتشار اور خلفشار پربھی انتہائی فکر مند ہیں اور پہلی دفعہ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں جیسی تیسی بھی معیشت ہے اسے چلنے دیں،مذاکرات کے دروازے بند کرنا جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے ،اگر اس بار جمہوریت پر شب خون لگا تو جو مقدمات سال سال چل رہے ہیں وہ چٹ منگنی پٹ ویاہ کی صورت میں حل ہونگے او رپھر چار یا چھ نہیں بلکہ 600لوگ اس کی بھینٹ چڑھیں گے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جن کے اشاروں پر کھیل رہے ہیں سب کو ان کا پتہ ہے ، ملک پر نازک وقت ہے او رجومولانا فضل الرحمان کا ساتھ دے گا اس کی سیاست تباہ و برباد ہو جائے گی ،مذاکرات کے دروازے بند کرنا ایسے ہی ہے جیسے جمہوریت پر شب خون مارنا ہو ۔ ابھی دھرنا دھندلایاہوا ہے ، مولانا غفور حیدری کہتے ہیںدھرنا گرے لسٹ میں ہے،مولانا فضل الرحمان کو فیس سیونگ دی جا سکتی ہے اور میں مذاکراتی کمیٹی سے اس کی درخواست کروں گا۔ انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ماضی میں امریکی سفیر سے ملاقات اور وہاں رکھی جانے والی خواہشات وکی لیکس کے ذریعے پوری قوم کے سامنے آ چکی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے امریکیوں سے کہا کہ مجھے لائو میں وزیرستان اور افغانستان کے سارے مسائل حل کر دوں گا ، مولانا فضل الرحمان امریکیوں کوگولی بیچ رہے تھے ، مولانا فضل الرحمان سمجھتے ہیں امریکہ اقتدا ر دیتا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی سمیت 36جماعتوں نے اتفاق کیا کہ انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا لیکن مولانا فضل الرحمان انتخابات میں کود پڑے ، انہوں نے بینظیر بھٹو کوبھی سیاسی طو رپر استعمال کیا ۔ مجھے مولانا فضل الرحمان سے زیادہ دینی مدرسوں او رعلماء کی فکر ہے ،ہمارے مدرسے مغربی میڈیا کی زد میں ہیں ، دینی مدرس ہمارے آنکھ کے ستارے اور ماتھے کا جھومر ہیں ۔

مولانا فضل الرحمان ڈنڈا برداوں کو ایسے پیش کر رہے ہیں جیسے خدانخواستہ مدرسوں میں دہشتگردی تیار ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدان ایک این آر او کی مار ہیں لیکن عمران خان کسی بھی صورت میں این آر او دینے کے لئے تیار نہیں ۔ ختم نبوت کے نام پر چندہ جمع کیا جارہا ہے ، میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں کابینہ میں موجود ہوں ، میں نے مولانا فضل الرحمان سمیت دوسرے لوگوں کو دوزخ کی آگ سے بچایا حالانکہ ان کے لوگوں نے تو ووٹ دیدئیے تھے۔
انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان واحد شخصیت ہیںجنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی ہے ۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے سے سارے مسئلے حل ہو جائیں گے تو وہ لوگ عقل کے اندھے ہیں ۔ آج بھارت میں مولانا فضل الرحمان کو بھرپور کوریج مل رہی ہے،انہیں گولڈن ٹمپل جانے کی توفیق تو ہوئی لیکن بانی پاکستان اور شاعر مشرق کے مزار وں پر جانے اور فاتحہ خوانی کی کبھی توفیق نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ مہنگائی ہے اور لوگ ادویات نہیں خر ید سکتے ، عوام اچھی طرح آگاہ ہیں کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کمپنی ہے جنہوں نے ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ہی نہیں بلکہ نوچا ہے او رمعیشت کا دھڑن تختہ کیا ۔ شکر کریں وزیر اعظم عمران خان کی وجہ سے ریکوڈک پر 6 ارب ڈالر اور کار اے کے سے 1.2ارب ڈالر کا جرمانہ بچا ہے ، آج معیشت کی گاڑی پٹڑی پر آگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا اور نوکریوں کیلئے درخواستیں دینے والے دس لاکھ لوگوں کو ترجیح دی جائے گی اور ان کی درخواستوں پر قرعہ اندازی ہو گی ، ایم ایل ون انقلاب کا دوسرا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اور ادارے ملک کی سلامتی کیلئے فکر مند ہیں وہ سیاسی انتشار اور خلفشار پر بھی انتہائی فکر مند ہیں او رپہلی مرتبہ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جیسی تیسی معیشت ہے اسے چلنے دیں، علماء نے جب بھی تحریک چلائی مارشل لاء لگا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان کو بتانا چاہتے ہیں کہ امریکی عہدیدار اقتدار نہیں دے سکتے ۔میرے پاس امریکہ کا ویزہ تھا لیکن میرے موبائل فون سے ایک مولانا کا فون نمبر نکل آیا تو مجھے ڈی پورٹ کر دیا گیا ،پنجاب میں ان کی کوئی سیٹ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی دھرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور دھند چھائی ہوئی ہے ۔ سیاستدان عقل او ردانش سے کام لیں ۔ اس وقت عالمی دنیا کے حالات بڑے نازک او رخطرناک ہیں ،اسلام آباد کی بھوک میں دینی قوتوں کو خراب نہ کریں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ 21سی26اکتوبر کے درمیان حالات بہتر رخ اختیار کریں گے ، اگر دھرنا ہوا تو اس کا نواز شریف اور آصف زرداری کمپنی کو نا قابل تلافی نقصان ہوگا اور اس کا انجام لاڑکانہ کے نتائج سے شروع ہو گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جو لوگ 36سال اقتدار میں رہے اور معیشت کو درست نہیں کر سکے وہ چھ ماہ میں کیادرست کریں گے ۔

عمران خان تین سال میں معیشت کو درست کردیں گے ۔ میں نے حکومت میں آکر دیکھا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف سے بڑا ڈاکو ہے ۔قبل ازیں شیخ رشید احمد نے ریلو ے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سیکرٹری ریلوے سکندر سلطان راجہ ، سی ای او اعجاز بریرو ،آئی جی واجد ضیا ء سمیت دیگر پرنسپل افسران نے شرکت کی ۔ وزیر ریلوے نے پنکچوالٹی بہتر کرنے پر چیف آپریشن افسر عامر بلوچ اور چیف ایگزیکٹو اعجاز بریرو کو شاباش دی۔ شیخ رشید نے کہا کہ جب آپ نے محنت کرکے ٹرین کے اوقات کار ٹھیک کر لئے ہیں تو تو اسے برقرار رکھنے پر ساری توجہ دیں۔ اجلاس میں فریٹ ، براڈنگ اور ریلوے اراضی کے استعمال کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے پاس قیمتی زمین ہے اسے کیسے استعمال میں لانا ہے،براڈنگ اور مارکیٹنگ پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ میری اب ساری توجہ اسی طرف ہے،ریلوے محکمہ کمائے گا تو مزدور کا چولہا بھی جلے گا اور مسافر سہولت سے سفر بھی کرے گا۔

FOLLOW US