Monday January 20, 2025

کیٹ مڈلٹن کا سرپرائز، اُردو میں ایسا کیا کہا کہ سن کر سب خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے

لاہور (نیوز ڈیسک)برطانوی شہزادی کی اردو سوشل میڈیا پرمقبول ہوگئی کیٹ مڈلٹن نے اردو میں ننھے بچوں کو سالگرہ کی مبارکباد دے کر دل جیت لیے۔شاہی جوڑا دورہ پاکستان کے چوتھے روزلاہورپہنچا جہاں ان کا استقبال وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراورگورنرچوہدری محمد سرور نے کیا۔ لاہور میں شاہی جوڑا ایس او ایس ولیج گیا جہاں برطانوی جوڑے نے بچوں کی سالگرہ کی ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پرپہلی بار شہزادی نے اردومیں گفتگو کرکے سب کو حیران کردیا۔دراصل ایس اوایس ولیج میں بچوں کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ سالگرہ کی تقریب میں کیٹ مڈلٹن نے بچوں کو اردو میں مبارکباد دی اور بچوں کا

نام لیتے ہوئے کہا اور اب اس تقریب کا سب سے اہم حصہ ایمن، ابہام اور دانیال آپ سب کو سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔ کیٹ مڈلٹن کو اردو میں مبارکباد دیتے دیکھ کروہاں موجود تمام لوگ خوشی سے جھوم اٹھے۔ بعد ازاں شاہی جوڑے نے تینوں بچوں سے ہاتھ ملایا۔ایس او ایس ولیج میں ننھے بچوں سے ملاقات کے بعد شاہی جوڑے نے لاہور کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی پلیئرز کے ساتھ خوب کرکٹ کھیلی۔واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کر کے کیا تھا اور ’ٹیچ فار پاکستان‘ مہم کے اثرات کا جائزہ لیا تھا۔بعد ازاں انہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے تھے۔جس کے بعد جوڑا وزیراعظم ہاؤس پہنچا تھا جہاں وزیراعظم عمران خان نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی تھی۔

FOLLOW US