Thursday February 13, 2025

اناللہ واناالیہ راجعون،پیپلزپارٹی میں صف ماتم بچھ گئی ،اہم ترین رہنماقتل

ٹنڈوالہ یار (نامہ نگار) ٹنڈوالہ یار میں کلہاڑیوں کے وار سے پی پی رہنما کو قتل کر دیا گیا۔ یونین کونسل کے سابق ناظم و پی پی کے سرگرم رہنما سید دربار علی شاہ مسجد سے نماز کی ادائیگی کے بعد باہر آرہے تھے کہ 3 نقاب پوش مسلح افراد نے ا ن پر حملہ کردیا اور کلہاڑیوں کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا۔ واقعہ سے علاقے میں بھگڈر مچ گئی، پولیس

کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچی جنہوں نے واقع کی مکمل تفصیل لینے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے سول اسپتال پہنچائی، اطلاع کے بعد پی پی رہنما خیر محمد کھوکھر، سید ثمر عباس شاہ، ذوالفقار ستار بچانی، ستار گھرانو سمیت مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں و عوام کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچی۔ جنہوں نے سید دربار علی شاہ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔ سید دربار علی شاہ کے قتل کی اطلاع ملتے ہی نصر پورمیں سوگ کا سماں پیدا ہو گیا، مارکیٹیں بند ہوگئیں، علاقہ مکینوں اور جیالوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں مظاہرے اور ٹائر جلائے گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر لی۔ مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ رابطہ کرنے پر ایس ایس پی آفتاب نظامانی نے بتایا کہ قتل کا واقعہ پرانی دشمنی لگ رہا ہے ہم مقتول کے ورثا کے ساتھ ہیں قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور قاتلوں کی گرفتار کے لئے ڈی ایس پی چمبڑ، ڈی ایس پی ٹنڈوالہ یار کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور بہت جلد قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا۔