راولپنڈی(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پیشن گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں مولانا فضل الرحمان کا ایک بندہ اندر جانے والا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہوچکے اور دو جلد پکڑے جانے والےہیں، ان میں سے ایک مولانا فضل الرحمان کا بندہ ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں یہ اللہ کو پتہ ہے۔ ان کے آگے کنواں اور پیچھے کھائی ہے، پہلے بھی مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کو مروایا اب بھی مروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر کو بتاؤں گا مولانا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام
کررہے ہیں ۔ شہباز شریف کبھی ادھر ہیں تو کبھی اُدھر ہیں۔مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف کی کوئی چیز فائنل نہیں، سیاست، جنگ اور محبت میں وقت کا بہت اہم کردار ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کو مروانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے۔ اب دیکھیں حسن اور حسین نواز کیا کرتے ہیں۔کیپٹن (ر) صفدر کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ نوازشریف خاندان کےلیے سزا ہیں۔ حزب اختلاف صرف چھ لوگوں کے لیے این آر او چاہتی ہے، اگر عمران خان این آر او دے دیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 6 آدمی رہا کردیں تو اپوزیشن کی ساری تحریک ٹھس ہوجائے گی۔جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہیں اور 2 ہونے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 23 اور 26 اکتوبر کو صورتحال کچھ بھی ہو سکتی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا ہے۔ اب مودی کی نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری ہوگی۔ دنیا کو سمجھ ہونی چاہئیے ہمارے پاس گنوانے کو کچھ نہیں لیکن بھارت کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے۔