Monday November 25, 2024

مسلم لیگ (ن) میں بغاوت۔۔۔؟؟؟ شہباز شریف کے زیر صدارت پارٹی اجلاس میں کیا ہوا؟ حناء پرویز بٹ نے پاکستانیوں کو بتا دیا

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) نامور لیگی خاتون رہنماء حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے پارٹی اجلاس اور شہباز شریف کے حوالے سے من گھڑت خبریں افواہ سازوں کی خواہشات ہیں، حقیقت نہیں. میاں نواز شریف کے حتمی فیصلے کا اعلان پارٹی صدر شہباز شریف ہی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ابھی کچھ دیر قبل خبر سامنے آئی ہے کہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں نواز شریف سے بہت سی گزارشات کر چکا ہوں ، لیکن اب تھک چکا ہوں وہ میری بات نہیں مانتے، میں مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے خلاف ہوں ،

گزشتہ روز ن لیگ کے رہنماؤں کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو بتایا کہ میں نے جب بھی نواز شریف کو کوئی بات سمجھانی چاہی وہ نہیں سمجھتے اور اپنی ضد پر اڑ جاتے ہیں، میری باتیں نہ مان کر انہوں نے اکثر نقصان بھی اُٹھایا ہے، کئی دفعہ انہیں سمجھا چکا ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑنا دیوار کو ٹکر مارنے والا حساب ہے، ہم ان سے کسی صورت بھی نہیں لڑ سکتے، ہر دفعہ نقصان ہمارا ہوا، اس بار بھی ہوگا اس لیے میں آزادی مارچ میں شرکت کے خلاف ہوں۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کے سامنے کہا کہ پچھلے ادوار میں بھی میں نے ہی نواز شریف کو سمجھایا کہ ان سے نہ لڑین ، پرویز مشرف کو بھی تبدیل نہ کریں، جہانگیر کرامت کو ہٹاؤ میری نہیں مانی گئی ، اگر ہم دو یا تین ٹرم تک عوام کی خدمت کر لیتے تو عوام ہمارے لیے بھی باہر نکل آتے ، اردوان نے 15 سال اپنی عوام کی خدمت کی تب جا کر عوام انکے لیے باہر نکلی ۔ اس حوالے سے حنا پرویز بٹ بھی میدان میں آگئی اور حقیقت کیا ہے انہوں نے واضح کر دیا، اپنے پیغام میں حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ’’مسلم لیگ ن کے پارٹی اجلاس اور شہباز شریف کے حوالے سے من گھڑت خبریں افواہ سازوں کی خواہشات ہیں، حقیقت نہیں. میاں نواز شریف کے حتمی فیصلے کا اعلان پارٹی صدر شہباز شریف ہی کریں گے ‘‘۔

ایک اور پیغام میں حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ’’ مخالفین نے مسلم لیگ ن کو تقسیم کرنے، کارکنان کو بد دل کرنے کی پہلے بھی لاکھ کوششیں کیں مگر وہ ہر بار ناکام رہے، ان کی پروپیگنڈا مشینری اس بار بھی ناکام ہوگی. انشاءاللہ‘‘

ایک اور پیغام میں حناء پرویز بٹ نے واضح کیا کہ ’’کیپٹن صفدر سے متعلق کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی اور نہ ہی واقعات کا سیاق وسباق درست اور سچائی پر مبنی ہے۔پارٹی سی ای سی سے متعلق چلنے والی خبریں من گھڑت، بے بنیاد اور افواہ سازوں کی کارستانی ہے‘‘۔۔

FOLLOW US