Tuesday January 21, 2025

سندھ پولیس کا انوکھا کارنامہ، ہیلی کاپٹر کو پیٹرول پر چلاتے رہے

سکھر : پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور رکنِ صوبائی اسمبلی پنجاب علیم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ پولیس ہیلی کاپٹر کو پٹرول پر چلاتی رہی ہے اور یہ پٹرول بھی سکھر کے ایک پٹرول پمپ سے ڈلوایا جاتا رہا ہے۔ علیم خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’زندہ بھٹو کے بعد انوکھا ہیلی کاپٹر بھی سامنے آگیا ہے جو سکھر کے پٹرول پمپ سے پٹرول ڈلواتا رہا‘‘۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ سکھر کے اس پترول پمپ سے سندھ پولیس کے ہیلی کاپٹر میں ایک کروڑ روپے کا پٹرول ڈلوایا گیا۔

واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر میں وہ پٹرول استعمال نہیں کیا جاتا جو عام طور پہ پٹرول پمپوں پہ دستیاب ہوتا ہے۔ ہیلی کاپٹر یا تو ایوی ایشن گیسولین استعمال کرتے ہیں یا ڈیزل اور وہ بھی خاص طور پہ ہیلی کاپٹر کے لیے ریفائن کیا جاتا ہے لیکن سندھ پولیس نے کارنامہ دکھایا اور ہیلی کاپٹر میں عام پٹرول پمپ سے ایک کروڑ کا پٹرول ڈلوایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ حکومت کے کئی ایسے سکینڈل سامنے آئے ہیں جن میں انوکھے طریقے سے خزانے کو نقصان پہنچایا جاتا رہا اور اقربا مروری بھی کی گئی۔ اب بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ سکھر میں پولیس ہیلی کاپٹر میں کسی پٹرول پمپ سے پٹرول ڈلواتی رہی تاہم ابھی یہ بات سامنے نہیں آئی کہ یہ پٹرول پمپ کس کا ہے اور کس کے حکم سے اس پٹرول پمپ سے پٹرول ڈلوایا جاتا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی سندھ میں حکومتی خزانے کا ذاتی کاموں کے لیے استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا جبکہ پولیس سمیت سرکاری گاڑیوں سے پٹرول نکال کر بھی بیچا جاتا رہا ہے۔ سندھ میں لوگ کتے کاٹنے سے علاج کی ویکشین دستیاب نہیں ہے لیکن حکمران اور پولیس ذاتی مفادات حاصل کرنے میں مشغول ہے۔

FOLLOW US