Monday January 20, 2025

نہ ادویات ہیں نہ ہی خوراک میسر ہے، دنیا مقبوضہ وادی میں ہونیوالے ظلم پر آواز بلند کرے،مشال ملک

کراچی(نیوز ڈیسک)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر لہو لہو ہے، دنیا اس ظلم پر آواز بلند کرے۔تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ترک قونصلیٹ میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر لہو لہو ہے، نہ ادویات ہیں نہ ہی خوراک میسر ہے، جو 60 دن گزرے ہیں گزشتہ 7 عشروں میں ایسا نہیں ہوا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری بیٹیوں کو اٹھایا جارہا ہے، زیادتیاں کی جارہی ہیں، دنیا اپنے مالی مفادات پر کشمیر کے مسائل پر خاموش ہے، وقت آگیا ہے کہ دنیا اس ظلم پر آواز بلند کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پر امن شہری ہیں مگر کب تک لاشیں اٹھائیں گے، خونی مودی کشمیریوں کو مار رہا ہے، پر امن قیادت کو قتل کیا جارہا ہے،

کشمیر دنیا کے لیے بڑا چیلنج ہے، جان بوجھ کر اسے حل نہیں کیا جارہا ہے۔ترک قونصل جنرل نے مشعال ملک کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق پر آواز بلند کرے، کشمیریوں کا ترکی کے عوام بھرپور ساتھ دیں گے۔ترک قونصل جنرل نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان عالمی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں، ترکی ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑے گا۔مشعال ملک کی والدہ ریحانہ ملک نے کہا کہ کشمیریوں کو دور حاضر کے کربلا کا سامنا ہے، ریحانہ ملک کشمیریوں پر مظالم کی داستان بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔والدہ مشعال ملک نے کہا کہ میرا داماد اس وقت بھارت کے ڈیتھ سیل میں قید ہے، یاسین ملک بہادر بیٹا ہے، بھارتی فوج کا مقابلہ کررہا ہے۔

FOLLOW US