اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے لیے کنٹینر خرید لیا۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے کنٹینر کی خریداری کا انکشاف کنٹینر تیار کرنے والے شخص نوید نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔ نوید کا کہنا تھا کہ بہترین کنٹینر 8 لاکھ روپے میں تیار کیا جاتا ہے۔کنٹینر کا ماہانہ کرایہ 15 ہزار روپے وصول کیا جاتا ہے۔ ایک کنٹینر میں 4 کمرے، واش روم اور کچن شامل ہوتے ہیں۔ کنٹینر کانفرنسز کے لیے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے لیے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کو شرکت کی دعوت دے
رکھی تھی۔مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں شرکت سے متعلق مشاورت کے لیے گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے آزادی مارچ میں مذہب کارڈ استعمال نہ کرنے پر اتفاق کیا، دونوں رہنما مارچ مؤخر کرنے پر متفق ہوئے جبکہ اس کے ساتھ مولانا فضل الرحمن کو آزادی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مارچ کے حوالے سے کئی بیک ڈور رابطے کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے لیکن تاحال مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جس کی ایک وجہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی جانب سے کوئی جواب آنے میں تاخیر ہے کیونکہ مولانا آزادی مارچ کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔