Tuesday January 21, 2025

پیمرا نے وزیراعظم کے کزن معروف صحافی حفیظ اللہ نیازی پر پابندی عائد کردی

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پیمرا نے وزیراعظم کے کزن معروف صحافی حفیظ اللہ نیازی پر پابندی عائد کردی، تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی پر عائد کیے گئے الزامات کو ثابت نہ کرنے پر ایک ماہ کیلئے کسی بھی ٹی وی پروگرام میں شرکت نہیں کر سکیں گے، نجی چینل کو معافی نشر کرنے کا حکم، بصورت دیگر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے شکایات کونسل اسلام آباد کی سفارش پر تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی۔ پابندی کے دوران حفیظ اللہ نیازی کسی بھی ٹی وی چینل کے کسی پروگرام پروگرام میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے کزن حفیظ اللہ نیازی نے سینیٹر اعظم خان سواتی سے متعلق مبینہ طور پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے تھے، جو کہ پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی خلاف ورزی ہے۔ پیمرا شکایات کونسل نے نجی چینل جیو نیوزکو ان الزامات سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے، تاہم چینل اپنے دفاع میں کوئی بھی دستاویزی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔پیمرا کی جانب سے تجزیہ کار پر پابندی کے علاوہ جیو نیوز کو سینیٹر پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات نشر کرنے پر 7 روز میں معافی نشر کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے، معافی نشر نہ کرنے کی صورت میں چینل پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

FOLLOW US