Monday February 24, 2025

وہ ایک بیان جس نے شہباز گل کو گھر تک پہنچادیا، صوبائی وزیر نے ترجمان وزیراعلیٰ کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ بتادی

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے سابق ترجمان شہباز گل کو ہٹائے جانے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے انکشاف کیا ہے کہ شہباز گل کو پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے عہدیداران کو پارٹی چھوڑنے کا بیان لے بیٹھا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب نے بتایا ہے کہ شہباز گل کے جانے کی وجہ ان کی آخری پریس کانفرنس تھی، انہیں محتاط انداز میں زبان استعمال کرنی چاہیے تھی۔میاں محمود الرشید نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے دھرنے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مولانا درخواست کریں تو ان کو اسلام آباد میں کھانا، کنٹینر اور جگہ بھی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان اختلافات کی باتیں صرف افواہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے عہدیداران کو پارٹی چھوڑنے کا بیان

دینے کی وجہ سے شہباز گِل کو جانا پڑا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اس وقت کے ترجمان شہباز گل نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ عثمان بزدار کو وزیراعظم نے 5 سال کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو میں کچھ نہیں کر سکتا، وہ پارٹی چھوڑ دے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہماری اپنی پارٹی کے لوگ ہماری پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں۔اگر وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار اب وزیراعلیٰ نہیں تو میں اْن کی وکالت نہیں کروں گا۔ جس دن وزیراعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹے میں وزیراعلیٰ ہاوٴس چھوڑ دیں گے۔ شہباز گل کے اس بیان کے بعد ان سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا اور اب صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے انکشاف کیا ہے کہ شہباز گل کو پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے عہدیداران کو پارٹی چھوڑنے کا بیان لے بیٹھا اور انہیں جانا پڑا۔